سپیکر کی کوششوں سے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کو دوستانہ ماحول فراہم کردیا گیا
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کی کوششوں سے قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کے لئے دوستانہ ماحول فراہم کردیا گیا۔ ہاؤس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں سپیکر سردار ایاز صادق نے تمام پارلیمانی جماعتوں سے تحریک انصاف کے ارکان کی واپسی کا خیرمقدم کرنے کے لئے کہا اور کہا کہ ان کی واپسی پر طعنے دینے کی بجائے ایک دوسرے کو برداشت کیا جائے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کی آمد کی وجہ سے مہمانوں کی گیلریوں کے لئے پاس جاری نہیں کئے گئے تاہم قومی اسمبلی کے شعبہ تعلقات عامہ نے اس بات کی تردید کی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی حلقوں کی جانب سے تحریک انصاف کی قیادت کو باور کرادیا گیا ہے کہ اگر عمران خان نے اپنا طرز عمل تبدیل نہ کیا تو پھر ان کو پارلیمنٹ میں غیر دوستانہ ’’ماحول‘‘ ہی ملے گا۔تحریک انصاف کے رہنماؤں نے حکومت سے کہا ہے کہ عمران خان کے ’’طرز مخاطب‘‘ کو نظر انداز کردیا جائے۔