ملک اسحاق اور اس کے بیٹوں سمیت 16 افراد کی مقابلے میں ہلاکت کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں کالعدم لشکر جھنگوی کے سربراہ ملک اسحاق اور اس کے بیٹوں سمیت 16افراد کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے۔شاہد اورکزئی کی جانب سے دائر درخواست میں حکومت پنجاب، آئی جی پنجاب اور کور کمانڈر لاہور کو فریق بناتے ہوئے مئوقف اختیار کیا گیاہے کہ حکومت پنجاب نے ایسا تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ ملک اسحاق اور اسکے دیگر مبینہ ساتھیوں کی ہلاکت کی منظوری ایپکس کمیٹی نے دی جو نیشنل ایکشن پلان کی نگرانی کرتی ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کورکمانڈر لاہور سے ایک بیان حلفی طلب کیا جائے کہ کیا 25سے29جولائی کے درمیان جب ملک اسحاق اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار اور بعد ازاں ہلاک کیا گیا اس دوران کور ہیڈ کوارٹر لاہور اور پولیس کے درمیان کوئی رابطہ تھا۔ درخواست میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیا کسی بھی مجرم کو بلیک وارنٹ جاری کیے بغیر پھانسی دی جاسکتی ہے یا انہیں جیل سے باہر اس طرح مارا جاسکتا ہے؟