قاسم ضیا بے گناہ ہیں‘ نیب علی عثمان کو پکڑنے میں ناکام رہا‘ کارروائی ہائیکورٹ میں چیلنج کررہے ہیں: وکیل
لاہور (خبرنگار) پیپلزپارٹی پنجاب کے سابق صدر اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر اولمپین قاسم ضیا کے وکیل بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے قاسم ضیا بے گناہ ہیں اور اس کیس کا مقصد قاسم ضیا کو ہراساں کرنا اور انکی نیک نامی اور ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا نیب کا سارا مقدمہ علی عثمان سٹاک بروکریج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی عثمان چودھری کیخلاف ہے کہ اس نے لوگوں سے سرمایہ وصول کیا۔ قاسم ضیا ایک وقت میں اس کمپنی کے شیئر ہولڈر تھے مگر انکے پاس کوئی انتظامی ذمہ داری نہیں تھی۔ قاسم ضیاء نے 2007ء میں کمپنی میں اپنے شیئر ٹرانسفر کردیئے تھے اور انکا کمپنی کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں رہا تھا۔ نیب سے رابطہ کرنے والے تمام افراد نے علی عثمان چودھری کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا مگر نیب آج تک علی عثمان چودھری کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی اور اپنی غلطی چھپانے کیلئے ایک بے گناہ شخص کو بلاجواز گرفتار کرلیا۔ ہم ہائیکورٹ میں نیب کی کارروائی کو چیلنج کررہے ہیں۔