• news

تونسہ پر اونچے درجے کا سیلاب‘ چین کی متاثرین کیلئے 50 ہزار ڈالر امداد

سکھر/ اسلام آباد/ لاہور (آن لائن+ صباح نیوز) دریائے سندھ میں تونسہ جبکہ گڈو، سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، کوٹ مٹھن میں پانی کے بہائو میں کمی آرہی ہے ۔دریائے سندھ میں کوٹ مٹھن کے مقام پر 6 لاکھ 50 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے،ضلع راجن پور میں سیلاب سے 225 بستیاں زیر آب آ گئیں ۔رود کوہی کے ریلے سے معطل ہونے والا عاقل پور اور ملحقہ بستیوں کا زمینی رابطہ 7 روز بعد بحال کردیا گیا۔تونسہ کے مقام پر 5 لاکھ 11 ہزار 954 کیوسک جبکہ غازی گھاٹ سے 5 لاکھ کیوسک کا گزر رہا ہے ،پانی کی سطح میں اضافے کے باعث کچے کے علاقوں کے رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہیں۔جھکڑ امام شاہ ،پیر عادل اور کالا فلڈ بند کے مقامات پر پانی کے دبائو کے باعث شگاف مزید چوڑا ہوگیا ہے۔چین کی جانب سے ہلالِ احمر پاکستان کو سیلاب متاثرین کیلئے 50 ہزار امریکی ڈالر کا امدادی چیک دیا گیا۔ اِس سلسلے میں چینی سفارتخانہ کے چارج افیرز مسٹرز ہاو لی ژان نے نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر پاکستان ڈاکٹر رضوان نصیر کو امدادی چیک پیش کیا۔ اِس موقع پر مسٹرز ہاو لی ژان کا کہنا تھا کہ چین کی حکومت اور عوام مشکل کی اِس گھڑی میں برادر ملک پاکستان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دکھ اور درد کے اِن لمحات میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ریلیف، ریسکیو اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن مدد و تعاون جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ سیلاب متاثرین کی بحالی اور آبادی کاری کا کام بھی جنگی بنیادوں پر کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز تمام ریلیف کیمپوں میں 19627 قیام پذیر افراد میں چکن قورمہ، چکن پلاؤ، گوشت روٹی، سالن، چاول، آلو قیمہ، چکن قورمہ وغیرہ فراہم کیا گیا۔ سیالکوٹ اور نارووال سے ملحقہ سرحد سے بھارت نے دہشت گرد مینڈک چھوڑ دیئے ہیں۔ زہر اگلنے والے مینڈکوں سے آنے والی خاص قسم کی بو سے نکلنے والے جراثیم سے نہ صرف پانی انتہائی زہریلا ہو چکا ہے بلکہ نالہ ڈیک سے ملحقہ درجنوں دیہاتوں کے لوگ آشوب چشم، ہیضہ، کھانسی جیسی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن