• news

اسلام آباد میں غیر قانونی بستیاں بسانے میں ملوث اہلکاروں کیخلاف ایکشن لیں چیئرمین سی ڈی اے کو چودھری نثار کی ہدایت

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی بستیاں آباد کرانے میں ملوث سی ڈی اے کے اہلکاروں او رافسروں کیخلاف فوری ایکشن لیں۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں غیر قانونی بستیوں کا قیام سی ڈی اے اہلکاروں کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں۔ ان بستیوں کی آڑ میں قبضہ مافیا کو پنپنے کا موقع دینے والے اہلکاروں کیخلاف بھی فوری کارروائی کی جائے۔ وزیر داخلہ نے سی ڈی اے کو کچی بستیوں کیخلاف آئندہ کے آپریشنز میں اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کی مدد ادارے میں کالی بھیڑوں کیخلاف ایکشن سے مشروط کردی۔ وزیر داخلہ نے سی ڈی اے میں کرپشن کے خاتمے کیلئے کمیٹی کے فوری قیام کی بھی سفارش کی۔ اس سے قبل ذرائع کے مطابق سی ڈ ی اے نے شہر میں افغان غیر قانونی بستی کو مسمار کئے جانے کے بعد دیگر 34 غیر قانونی بستیاں ہٹانے کیلئے بھی لائحہ عمل ترتیب دیدیا جس کیلئے انتظامیہ اور پولیس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن