اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے: سلیم مانڈوی والا
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سینٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے اسے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سابق صدر نے پاکستان کی معیشت کو چین کے ساتھ جوڑنے کے لیے پالیسی پیش کی تاکہ دونوں ممالک پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے فائدہ اٹھاسکیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ عمل درآمد کے مرحلے پر پہنچ چکا ہے، موجودہ حکومت منصوبے کی کامیابی کے لیے اس کی اصل پالیسی کو تبدیل کرنے کی کوشش نہ کرے۔ اس منصوبے سے دونوں ملکوں کی معیشت کو فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ چین روانگی سے قبل اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مغربی روٹ کی تعمیر کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر شروع کرے تاکہ تمام سیاسی جماعتیں اس منصوبے میں حکومت کا ساتھ دے سکیں۔