• news

منچن آباد: مسلح افراد کا خاتون پر تشدد، برہنہ کرکے گھسیٹتے رہے

منچن آباد (نامہ نگار) مسلح افراد کا گھر میں گھس کر خاتون پر تشدد، برہنہ کرکے بالوں سے پکڑ کر سرعام سڑک پر گھسیٹتے رہے۔ مقامی پولیس نے ملزموں سے مبینہ طور پر مک مکا کر کے اُلٹا متاثرہ لڑکی کے خاوند کیخلاف زیادتی کا جھوٹا مقدمہ درج کر لیا، اہل علاقہ سمیت وکلاء و سول سوسائٹی کا شدید احتجاج ،ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے اور پولیس کا ملزمان سے مک مکا کیخلاف ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کیمطابق موضع سکھ پور کے رہائشی محمد حسین قصائی کی بھابی اس کے گھر آئی ہوئی تھی کہ ملزمان تنویر، شبیر اور اسلم وغیرہ سمیت نامعلوم مسلح افراد زبردستی ان کے گھر داخل ہو گئے اور خدیجہ بی بی کو زبردستی سر کے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے باہر سڑک پر لے آئے اور اُسے برہنہ کر دیا اس دوران ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں وقوعہ کی اطلاع پر منچن آباد پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا لیکن ایک دن کے بعد ملزمان سے مک مکا کر کے متاثرہ خاتون خدیجہ بی بی کے خاوند کیخلاف زیادتی کا جھوٹا مقدمہ بھی درج کر دیا۔ صدر بار ایسوسی ایشن منچن آباد میاں اکرام الحق ایڈووکیٹ نے افسوس ناک واقعہ پر انتہائی دکھ کا اظہار کر تے ہوئے متاثرہ خاتون اور اس کے خاندان کو مکمل طور پر مفت قانونی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ لڑکی کی درج کرائی جانے والی ایف آئی آر نمبر 401/15 کی تحریر میں بھی ردو بدل کیا گیا ہے۔ ایس ایچ او منچن آباد محمد بشیر پہلوان نے واقعہ کے متعلق اپنے موقف میں بتایا کہ مقدمہ میں دوملزم گرفتار کئے جا چکے ہیں۔ مقدمات کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن