مقبوضہ کشمیر: حریت کانفرنس کا بھارتی یوم آزادی پر ہڑتال کا اعلان‘ سو پور سے لاپتہ نوجوان کی نعش برآمد
سری نگر (اے این این + صباح نیوز + اے پی پی) سوپور میں ایک نوجوان کی نعش درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئیٗ نوجوان کافی دنوں سے لاپتہ تھا۔ علاقے میں سنسی پھیل گئی ہے۔ مذکورہ نوجوان کی شناخت معراج الدین یتو ولد غلام محمد ساکنہ گوشہ بگ پٹن کے بطور ہوئی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے 15؍اگست کو نام نہاد بھارتی یوم آزادی پر مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھارت سمیت کسی بھی ملک کی آزادی کے مخالف نہیں ہیں، البتہ جب تک یہ ملک کشمیری عوام کے حقِ آزادی کو تسلیم نہیں کرتا اور آزادانہ رائے شماری کے ذریعے انہیں اپنے مستقبل کے تعین کا موقع فراہم نہیں کرتا، اس کو جموں کشمیر کی سرزمین پر جشنِ آزادی کی تقریبات منعقد کرنے کا کوئی آئینی اور اخلاقی حق نہیں پہنچتا ہے۔ انہوں نے لوگوں خاص کر اساتذہ، زیرِ تعلیم بچوں اور ان کے والدین کو 15؍اگست کی تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے حکومتی مشینری کو خبردار کیا کہ وہ سکولوں میں زیرِ تعلیم طلباء وطالبات کو ان تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے مجبور نہ کریں اور انہیں اس کے لیے مکلف نہ ٹھہرائیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے بھارت کے یوم آزاد ی15اگست کوکشمیری عوام کے لیے سیاہ ترین دن قراردیتے ہوئے کشمیریوں کواس دن مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے جاری ایک بیان میں شبیر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیر ی عوام ایک کربناک دور سے گزر رہے ہیں۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ بھارت نے طاقت کے بل پر مقبوضہ علاقے میں جس طرح ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ شبیر احمد شاہ نے مقبوضہ کشمیر کی نام نہاد اسمبلی کے سپیکر کو دولت مشترکہ کانفرنس میں مدعو نہ کرنے کے پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کے موقف کو مبنی برحق قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر یوں سے ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں رائے اور خواہش معلوم نہیں کی جائے گی اس اسمبلی کی کوئی اہمیت نہیں ہو گی۔ مقبوضہ کشمیر میں جموںو کشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے بھارت کے یوم آزادی کی آڑ میں فورسز کی طرف سے لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارنے، تلاشیاں لینے، حریت پسندوں کو گرفتار اور نظر بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا یوم آزادی کشمیریوں کے لیے ہمیشہ ظلم و جبر، پابندیاں اور سختیاں لے کر آتا ہے۔ ایک بیان میں فریڈم لیگ کے ترجمان امتیاز احمد شاہ نے کہا کہ بھارتی فوج اور پولیس نے مقبوضہ کشمیر کے طول و عرض میں نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر رکھا ہے اور ان کے اہل خانہ کو پریشاں و ہراساں کیا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ نے عام شہریوں پر بھارتی فورسز کی بڑھتی ہوئی ظالمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پیپلز مومنٹ کے رہنما میر شاہد سلیم نے جموں سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ادھمپور میں بی ایس ایف پر حملے کے بعدبھارت کی بدنام زمانہ تحقیقاتی ایجنسی نے مختلف بہانوں سے لوگوں باالخصوص نوجوانوں کو گرفتار کرنا اور ان کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں متعدد نوجوانوں کی گرفتاری اسی مذموم مہم کا حصہ ہے۔ بھارت کی ان ظالمانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کیا جا سکتا ہے۔