• news

پاک فوج ہر وقت تیار ہے‘ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے: عسکری قیادت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سلامتی کی جامع حکمت عملی کے تحت کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوائنٹ سٹاف کمیٹی کے اجلاس میں عسکری قیادت نے ملک کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے مسلح افواج کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور حربی تیاریوں کے معیار پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا گیا پاک فوج ہر وقت تیار ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والے اس اجلاس کی صدارت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، سیکرٹری دفاع سمیت تینوں مسلح افواج سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ افسروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس سہ ماہی بنیادوں پر منعقد ہوتا ہے جس میں اعلیٰ عسکری قیادت تینوں سرورسز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیتی ہے۔ اجلاس نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف کامیابیوں کو سراہا اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ قومی سلامتی، علاقائی جیو سٹریٹجک ماحول اور تینوں مسلح افواج کی مشترکہ تعلیمی و تربیتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس نے حالیہ سیلاب کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مسلح افواج کی طرف سے ریلیف و ریسکیو آپریشن کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن