• news

قصور واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائینگے‘ گھنائونا فعل نظرانداز نہیں کر سکتے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں قصور واقعہ کے تناظر میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران واقعہ کی آزادانہ انکوائری کیلئے تشکیل دی جانیوالی جے آئی ٹی (مشترکہ تحقیقاتی ٹیم) کو فوری طورپر تحقیقات شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جے آئی ٹی واقعہ کی جلد انکوائری مکمل کرے اور جے آئی ٹی کے ارکان قصور میں بیٹھ کر تمام تحقیقات جلد مکمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قصور واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی ہوگی اور انہیں کیفر کردارتک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، ملزمان کڑی سے کڑی سزا کے حقدار ہیں، گھناؤنا فعل کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ مزید برآں شہباز شریف سے گزشتہ روز چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن برائے امن و تخفیف اسلحہ کے نائب صدر ہی جن کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک چین تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ شہبازشریف نے چین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور چین پاکستان کا ایسا مخلص دوست ہے جو مشکل کی ہرگھڑی میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے۔ پاکستان کے عوام کو چین کی دوستی پر فخر ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا منصوبہ چین کی جانب سے پاکستان کیلئے عظیم تحفہ ہے۔ چین کی جانب سے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے پیکیج کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی اوراس اقتصادی پیکیج میں 33 ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں کیلئے ہیں۔ چین کے تعاون سے ساہیوال میں کوئلے سے توانائی کے حصول کے 1320میگاواٹ کے منصوبے پرتیزرفتاری سے کام جاری ہے اور قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں100میگاواٹ کا سولر منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیاگیا ہے ۔ انشاء اللہ چین کے تعاون سے توانائی بحران پر قابو پانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ چین کے اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج سے پاکستان بھر میں توانائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے لگائے جارہے ہیں جس سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور آئندہ نسلیں چین کے اس احسان عظیم کو کبھی نہیں بھلا سکتیں۔ سی پیک کے منصوبوں سے ہمارے دوست خوش ہیں جبکہ دشمن سیخ پا ہے۔ دشمن کو سی پیک کے منصوبوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔پاکستان اور چین کے دوست اور دشمن مشترکہ ہیں۔دونوں ممالک کے مابین تجارت، ثقافت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہی آبادی کیلئے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے اور اس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں 2075 کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام 30 ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز ستمبر کے اوائل میں ہوگا۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے حوالے سے خودمختار اتھارٹی کے قیام کیلئے مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت تمام علاقوں کی متوازن ترقی کی پالیسی پر گامزن ہے۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ مفاد عامہ کا شاندار اور پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے ، اس پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے۔’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے سلسلے میں بین الاقوامی سیمینار کا جلد انعقاد کیا جائے۔ ’’پکیاں سڑکاں۔ سوکھے پینڈے‘‘ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ستمبر کے اوائل میں ہوگا۔ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام کیلئے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام کیلئے معیاری تارکول کی فراہمی کا میکانزم تیار کر لیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن