• news

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی‘ فائرنگ پر احتجاج: مذاکراتی ایجنڈے میں مسئلہ کشمیر ناگزیر ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں متعین بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کر کے 28 سالہ فریدہ کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا جو کوٹلی سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے زخمی ہوئی تھی۔ فریدہ گزشتہ روز ہسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ کے ڈی جی برائے جنوبی ایشیا کے دفتر میں طلب کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان نے 9 اگست کو کنٹرول لائن کے مزید مقامات پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کی بھی مذمت کی جس میں پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے جولائی اور اگست کے مہینوں میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی بالترتیب 37 اور 24 خلاف ورزیاں کی ہیں۔ پاکستان نے ورکنگ بائونڈری اور کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جنگ بندی کی پاسداری کرے۔ واضح رہے کہ بھارت کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ میں سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا بھارت ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر امن قائم رکھنے کیلئے 2003ء کی مفاہمت کی پابندی کرتے ہوئے سیزفائر کی بلااشتعال خلاف ورزی سے باز رہے۔ دریں اثناء دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان بڑے مسائل میں سے ایک ہے، پاکستان بھارت مذاکراتی ایجنڈے میں کشمیر ناگزیر حیثیت کا حامل ہے، مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ممکنہ دورہ بھارت کا ایجنڈا طے کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک بیان میں کیا۔ بھارت کی طرف سے 23 اور 24اگست کی تاریخ تجویز کی گئی ہے تاہم مشیر خارجہ کے دورے کے حوالے سے ابھی حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے پاکستان بھارت کی پیش کر دہ تجویز کا جواب رواں ہفتے دے گا۔ مذاکراتی ایجنڈا میں ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی مداخلت بھی شامل ہے، بھارتی حکام کو ’’را ‘‘ کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شواہد بھی فراہم کرینگے۔ مسئلہ کشمیر کا حل ہی جنوبی اشیا میں امن کا ضامن ہے۔ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی اور دہشت گردوں کو ٹھکانے لگانے کے عزم پر قائم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن