کھلونا پستولوں کی تیاری فروخت پر پابندی‘ سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور
کراچی (وقائع نگار) سندھ اسمبلی نے کھلونا پستولوں کی تیاری اور خرید و فروخت پر پابندی کی قرارداد منظورکرلی۔ ایوان میں اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار نے کہا نئی نسل کے مستقبل اور ذہنوں کو محفوظ بنانے کیلئے کھلونا پستول پر پابندی ضروری ہے۔ تحریک انصاف کے سید حفیظ الدین نے کہا اصلی پستولوں پر پابندی کیلئے بھی قرارداد آنی چاہیے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ماہرین نفسیات نے کھلونا پستول کو بچوں کیلئے منفی اثرات کا حامل قرار دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے رکن سیف الدین خالد کی طرف سے پیش کردہ قرارداد مطالبہ کیا گیا کہ پلاسٹک کے کھلونے ہتھیاروں کی تیاری، درآمد اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں کھلونا پستولوں اور گنوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پاکستان کو بھی ایسا کرنا چاہیے۔ اس سے بچوں میں منفی رجحان پیدا ہوسکتا ہے۔ اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم نے معاشرے میں تبدیلی لانے کے لیے یہ قرارداد پیش کی۔ دریں اثناء منگل کے روز سندھ اسمبلی کی کوریج کیلئے آنے والے کیمرہ مین کو پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا جس پر سندھ اسمبلی کی کوریج کرنے والے کیمرہ مینوں اور رپورٹرز نے اسمبلی کی کارروائی کا علامتی بائیکاٹ کردیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و آبپاشی نثار احمد کھوڑو اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اسمبلی کے باہر کبوتر چورنگی پر احتجاج کرنے والے کیمرہ مین کے پاس پہنچ گئے اور یقین دہانی کرائی کہ اس واقعہ میں ملوث پولیس اہلکار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔