• news

تحریک انصاف‘ پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے رہنمائوں کا دورہ قصور‘ کوئی حکومتی لیڈر نہ آیا

قصور‘ لاہور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ خصوصی رپورٹر+ خبرنگار+ خصوصی نامہ نگار) قصور کے علاقہ حسین خانوالہ میں جنسی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے بچوں اور بدقسمت گھرانوں کی شکایات کے ازالے کیلئے کوئی بڑی سرکاری یا حکومتی شخصیت تو نہیں پہنچی تاہم مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قائدین متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیلئے دورے کررے ہیں۔ سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سور، فوزیہ قصوری، عمر چیمہ اور دیگر عہدیدار والدین کے گھروں پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ حسین خانوالہ پوری قوم کے منہ پر ایک طمانچہ ہے اور ہمارے لیے یہ ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ یہاں الٹا قانون ہے یہی وجہ ہے کہ شیطان صفت ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کی بجائے پولیس نے الٹا مظلوم خاندان کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔ میاں شہباز شریف سے کہتا ہوں کہ آپ نے بھی خدا کے سامنے حاضر ہونا ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ دیہاتیوں اور صحافیوں کے خلاف درج کیے گئے مقدمات خارج کیے جائیں ورنہ ہم ملک بھر میں تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ تحریک انصاف کے مرکزی آرگنائزر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قصور جیسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے، سانحہ قصور سیاسی نہیں انسانی معاملہ ہے حکومت اس پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔ سابق وزیراعظم و پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے قصور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک گائوں میں اتنے واقعات ہو گئے، حکومت اور انتظامیہ کہاں تھی واقعہ قصور پر آخری حد تک جائیں گے۔ سانحہ قصور سے ساری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا، مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے۔ ملک میں اسلامی نظام نافذ ہوتا تو ایسے واقعات نہیں ہو سکتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ راغب حسین نعیمی، پیپلزپارٹی کے رہنما اشرف بھٹی، چودھری منور انجم، مسیحا ملت پارٹی کے سربراہ اسلم پرویز سہوترا، جماعت اہلحدیث کے عبدالوحید شاہد روپڑی، حافظ عاکف سعید نے کیا۔ پیپلزپارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے صدر نصیر احمد، عمر حیات تبسم، حسن ایوب نقوی، شیخ علی سعید، شیخ عمران نے سانحہ قصور کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے حسین خان والا ضلع قصور کا دورہ کیا اور سانحہ کے مختلف متاثرین سے ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن