ینگ ڈاکٹرز نے آج معافی نہ مانگی تو یونیورسٹی اساتذہ مستعفی ہونگے: پروفیسر ریاض
لاہور (نیوز رپورٹر) میو ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کے تشدد کے بعد کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی تمام ٹیچرز فیکلٹی کے مستعفی ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ آج اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں ہو گا۔ دوسری جانب میو ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی طرف سے سینئر ڈاکٹرز پر تشدد کے خلاف گزشتہ روز کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں متعدد اجلاس ہوئے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ٹیچر ایکشن کمیٹی کا اجلاس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد کی صدارت میں ہوا۔ اس میں پنجاب میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر احسان الرحمان اور دیگر ایسوسی ایشن عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ پاکستان پیڈیاٹرک (پنجاب) کا بھی اجلاس یونیورسٹی میں منعقد ہوا اور ڈاکٹر اکمل لئیق کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد پیش کی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر ریاض واڑئچ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا آج بروز بدھ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے تحریری معافی اور واقعہ میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو یونیورسٹی کے تمام پروفیسرز ٹیچرز استعفیٰ دے دیں گے۔ پنجاب ٹیچرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نے بتایا صوبے بھر کے میڈیکل کالجز کے ٹیچرز نے حمایت کا یقین دلایا ہے۔