کراچی آپریشن کا مقصد کسی کو دیوار سے لگانا نہیں‘ نثار کی سپیکر سے ملاقات فضل الرحمن کا وزیر داخلہ سے رابطہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) وزیر داخلہ چودھری نثار آج قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران حکومت پر عائد الزامات کا جواب دیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ ایم کیو ایم کی طرف سے آپریشن پر اٹھائے گئے اعتراضات کا جواب دیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ رینجرز کی کارروائیاں قواعد کے مطابق ہیں۔ چوہدری نثار نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ایم کیو ایم سمیت کسی سیاسی پارٹی کو دیوار سے لگانا نہیں، کسی بھی جماعت کے جائز تحفظات دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ علاوہ ازیں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وزیر داخلہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے ایم کیو ایم کے استعفے منظور نہ کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایم کیو ایم کو واپس لانے کی کوشش کرے۔ دونوں رہنماﺅں کی آج ملاقات متوقع ہے۔