پاکستان مقبوضہ کشمیر میں زیر تعمیر 2 پاور پلانٹس کیخلاف عالمی بنک سے رجوع کرے گا
لاہور (افتخار عالم/ نیشن رپورٹ) بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں 2 ہائیڈل پاور پلانٹس پر باہمی سمجھوتے کی پیشکش نظرانداز کئے جانے پر پاکستان نے عالمی بنک سے رجوع کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے ”دی نیشن“ کو بتایا ہے کہ پاکستان کی طرف سے شدید مخالفت کے بعد بھارت نے ان دونوں منصوبوں پر کام تیز کردیا ہے۔ واضح رہے پاکستان انڈس واٹر کمشن کی طرف سے 330 میگاواٹ کے کشن گنگا پاور پلانٹ اور 850 میگاواٹ کے راتلے پاور پلانٹ پر شدید اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ پاکستان نے اس حوالے سے 24 جولائی کو خط لکھ کر عالمی ماہر مقرر کرنے کیلئے کہا تھا لیکن بھارت نے اس کا کوئی جواب نہ دیا بلکہ دونوں پراجیکٹ پر پوری رفتار سے کام شروع کرا رکھا ہے۔ پاکستان بگلیہار ڈیم پر کیس ہار چکا ہے تاہم ان دونوں منصوبوں کے حوالے سے بھارت کوئی فائدہ نہیں اٹھا سکے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کشن گنگا اور دریائے چناب پر بننے والے دیگر پاور پراجیکٹس کا پاکستان پر انتہائی منفی اثر پڑے گا اور سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت یہ پراجیکٹ تعمیر کرنے کا مجاز بھی نہیں ہے۔