بھارت سے چھوڑا گیا ریلہ گنڈا سنگھ پہنچ گیا‘ ستلج کا پانی تین دیہات میں داخل
لاہور+ قصور (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پھر پانی چھوڑے جانے پر پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور سینکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آگئی جبکہ 3 دیہات میں پانی داخل ہوگیا جبکہ گزشتہ روز پانی کا ریلہ گنڈا سنگھ کے مقام پر پہنچ گیا اور فیروز پور ہیڈ ورکس پر 33320کیو سک پانی کا ریلہ گزرا جب کہ پا نی کی سطح 18فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ دریائے ستلج کا پانی دریا کنارے دیہات جن میں بکھی ونڈ، بستی کمال پورہ اور کلنجر میں داخل ہوگیا جبکہ محکمہ ا نہار کے ذر ائع کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت کی جانب سے مزید 58 ہزار کیوسک پانی دریائے ستلج میں چھوڑا جائیگا جس سے مزید سینکٹروں اراضی جبکہ مزید 10 سے 12 دیہات زیرآب آسکتے ہیں جس پر ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر ہنگامی طور پر امدادی کاروائیاں شروع کر نے کا اعلان کردیا ہے جبکہ دریا کنارے بسنے والے دیہاتیوں کو انہیں محفوظ مقامات پر منتقل ہو نے کے اعلانات کروائے جارہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے 1122کے علاوہ تلوار پو سٹ پر امدادی کیمپ بھی قائم کردئیے ہیں۔ عارفوالا اور ساہوکا سے نامہ نگاران کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں دوبارہ پانی چھوڑنے پر عارفوالا میں انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے ہیں جبکہ دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے بعد ساہوکا میں لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جس پر کئی علاقوں سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی طرف سے چھوڑا گیا، پانی گنڈا سنگھ کے مقام پر پہنچ گیا۔ پانی کا ریلا اگلے12گھنٹے میں تحصیل عارفوالا کے علاقہ میں پہنچے گا۔ دریائے ستلج میں سیلابی پانی میں اضافے کے ساتھ ہی لوگوں نے محفوظ مقام پر منتقل ہونے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ مقامی پولیس کی جانب سے مختلف نشیبی علاقوں میں مساجد کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے اعلانات کروائے گئے جس کے بعد نشیبی علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی شروع ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل جواد اکرم نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ دریاﺅں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاﺅپر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ بھارت کی طرف سے پانی چھوڑنے کی رپورٹ پر پی ڈی ایم اے پنجاب اور دیگر اضلاع کی انتظامیہ کسی بھی صورتحال کیلئے تیار اور چوکس ہے۔ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاﺅ 32240 کیوسک ہے جوکہ معمول کے مطابق ہے۔