سٹاک ایکسچینج‘ کرپشن سکینڈل‘ نیب کا قاسم ضیا سے اہل خانہ‘ وکلاء کی ملاقات کرانے سے انکار
لاہور (فدا حسین+ نیشن رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) نیب نے سٹاک ایکسچینج اور کرپشن سیکنڈل میں ملوث سابق رکن پنجاب اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے رہنما قاسم ضیاء سے انکے اہل خانہ اور وکلاء سے ملاقات کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے، اسکے باوجود کے نیب کورٹ نے ایک درخواست پر قاسم ضیاء سے ملاقات کی اجازت دے رکھی ہے۔ عثمان قاسم نے نیب کی عدالت میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت انہیں انکے والد سے ملاقات کرانے کیلئے نیب حکام کو ہدایت کرے۔ انہوں نے کہا کہ انکے والد کیخلاف سیاسی بنیاد پر مقدمہ بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے سٹاک ایکسچینج کرپشن سکینڈل میں ملوث قاسم ضیاء کو دوران تفتیش وکیل کرنے، اہل خانہ اور ڈاکٹر سے ملاقات نہ کروائے جانے کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار کے وکیل نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم قاسم ضیاء کرپشن کے مقدمہ میں شامل تفتیش تھا اسکے باوجود نیب نے گرفتار کر لیا ہے جبکہ ملزم کا کرپشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم کے اہلخانہ اور ڈاکٹر کو ملزم قاسم ضیاء سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی لہٰذا ملزم کے اہلخانہ اور ڈاکٹر سے ملاقات کی اجازت دینے اور تفتیش کے دوران وکیل کرنے کا حق دیا جائے۔