حکومت نے تاجروں کے سامنے ودہولڈنگ ٹیکس پر ڈرافٹ تجاویز پیش کر دیں
اسلام آباد (آن لائن) حکومت نے ودہولڈنگ ٹیکس پر تنازعے کے لئے تاجر برادری کے سامنے ڈرافٹ تجاویز پیش کر دی ہیں۔ یہ ودہولڈنگ ٹیکس تمام بنکنگ ٹرانزیکشن پر ادا کیا جانا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی ٹیم کی قیادت وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان کر رہے ہیں اور یہ ایم این اے عبدالمنان اور چیئرمین فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) پر مشتمل ہے اور اس سے گزشتہ دنوں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں سے ملاقات کی اور انہوں نے بنک ٹرانزیکشن پر 0.6 فیصد ٹیکس کا معاملہ بزنس کمیونٹی سے اٹھایا۔ اجلاس میں بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے ودہولڈنگ ٹیکس پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تاہم ہارون اختر اور ایف بی آر چیئرمین طارق باجوہ نے کئی لحاظ سے ان کے خدشات کو رد کیا۔ ہارون اختر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا ٹیکس ماحول دیگر ممالک کی نسبت آسان ہے۔ تاجر یہ جان کر مطمئن ہوئے کہ ریٹیل تاجروں کو رضاکارانہ طور پر سیل رجسٹریشن ٹیکس پر مجبور نہ کیا جائے گا اگرچہ ان کی سیل 5 ملین روپے سے بھی عبور کر جائے۔ ایم این اے عبدالمنان نے کہا کہ یہ حکومت کی جانب سے بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنے کی نیت سے کیا گیا ہے۔ راولپنڈی ٹریڈز کے نمائندے شیخ محمد صدیق نے کہا کہ حکومت کو ایک سیکٹر کو ترجیح دینا چاہئے اور رعایت کا اعلان کرنا چاہئے۔