• news

تحریک انصاف اور ق لیگ کے رہنمائوں کا دورہ قصور‘ مجرموں کو سزا دینے کا مطالبہ، مقدمہ فوجی عدالت میں چلنا چاہئے: تہمینہ درانی

قصور (نمائند ہ نوائے وقت+ این این آئی) تحریک انصاف کے امیدوار ایم پی اے میاں فاروق انصاری نے سانحہ قصور کو ملکی تاریخ کا بد ترین واقعہ قرار دیتے ہو ئے حکو مت سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ قصور کے مجرموں کیخلاف ملٹری کورٹ میں مقدمہ چلائے ، معصوم بچوں سے زیادتی سے بڑھ کر کوئی دہشت گردی نہیں ہوسکتی ، یہ وحشت اور بربریت کی انتہا ہے ۔ پولیس کی طرف سے مظلوموں کی بجائے ظالموں کا ساتھ دینا پنجاب حکو مت کی ناکامی کی بد تر ین شکل ہے ۔ واقعہ پو ری دنیا میں پا کستان کیلئے جگ ہنسائی کا باعث بنا حکو مت پنجاب حقائق اور مجر موں کو سامنے لاتے ہو ئے انہیں قرار واقعی سزا دے ، متاثرین قصور کی جانب سے فوجی عدالتوں سے انصاف طلب کرنا پولیس اور جوڈیشل کمشن پر عدم اعتماد کااظہار ہے کیونکہ جوڈیشل کمشن کے فیصلے ماضی میں بھی سوالیہ نشان رہے ہیں۔ سکینڈل پر تہمینہ درانی نے ٹوئٹ کیا ہے کہ اس تمام معاملے کو فوجی عدالت کے سپرد کر دیا جائے کیونکہ نظام پر اس وقت تک اعتماد نہیں کیا جا سکتا جب تک اس میں اصلاحات نہ نافذ کی جائیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ کے رہنما حلیم عادل شیخ، ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی اور میاں منیر قصور گائوں حسین خان والا میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیلئے پہنچ گئے۔ حلیم عادل شیخ نے متاثرہ بچوں کے والدین کو اجرک پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اداروں کی رپورٹ کے مطابق دیگر صوبوں کی نسبت پنجاب میں بچوں سے زیادتی کے واقعات سب سے زیادہ ہیں، کیا نام نہاد خادم اعلیٰ کی یہی گورننس ہے۔ حکمران پہلے نوٹس لیتے تو ایک ہی گائوں میں اتنے واقعات رونما نہ ہوتے۔

ای پیپر-دی نیشن