وکلاء کے بائیکاٹ، ہڑتالوں سے مقدمات نمٹانے پر منفی اثر پڑتا ہے: چیف جسٹس آف پاکستان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک کے اعزاز میں گزشتہ روز سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عشائیہ دیا جس میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز اور سینئر وکلاء نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس 16 اگست تک عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنچ اور بار کے تعاون سے انصاف کی فراہمی کا عمل تیز ہو گا۔ بار اور بنچ گاڑی کے 2 پہیوں کی طرح ہیں۔ آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے بار کی قیادت پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ بار کی ہڑتالوں، بائیکاٹ کے باعث مقدمات نمٹانے پر منفی اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا میری ملازمت کے دوران پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار کی ہڑتالیں نہیں ہوئیں جس کی وجہ سے مقدمات تیزی سے نمٹانے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا بطور سپریم کورٹ کا جج 10 سال کا عرصہ میرے لئے سرمایہ حیات ہے۔