مقبوضہ کشمیر: 2 افراد کی شہادت کیخلاف احتجاج کرنیوالوں پر فوج کی فائرنگ‘ تشدد‘ نوجوان شہید‘ حریت کانفرنس آج ہڑتال کریگی
سری نگر (اے این این) مقبوضہ کشمیر کے علاقے رتنی پورہ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں دو افراد کی شہادت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ٗ بی ایس ایف اہلکاروں کا مظاہرین پر وحشیانہ تشدد ٗ فائرنگ اور لاٹھی چارج سے ایک نوجوان شہید، بیسیوں زخمی ہوگئے ٗ مشتعل نوجوانوں کا فوجی گاڑیوں پر پتھرائو ٗ کئی گاڑیاں تباہ ٗ ادھر کرناہ میں مسافر وین نالہ بہک میں گرنے سے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اونتی پورہ میں بی ایس ایف اہلکاروں نے دو افراد کی شہادت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید ہوگیا۔ حریت کانفرنس (گ) نے بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف جمعہ کو ہڑتال کی کال دے دی۔ حریت ترجمان ایاز اکبر نے چیئرمین سید علی گیلانی کے حوالے سے کہاکہ اونتی پورہ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوان کی شہادت پر کشمیر ایک بار پھر درد و الم میں ڈوب گیا ہے اور ایک بار پھر بھارتی افواج اور مقامی پولیس و ٹاسک فورس نے عوام پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ترجمان نے کشمیر میں سارک ممالک سے وابستہ مندوبین کی سائوتھ ایشیا فرینڈ شپ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کے حل کو جنوبی ایشیائی خطے کے امن کیلئے ناگزیر قرار دیئے جانے کے بیان کو حریت کانفرنس کے موقف کی تائید قرار دیا ہے۔ ترجمان نے بھارت اور پاکستان کی سرحدوں پر موجودہ کشیدہ صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ساری صورتحال مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پیدا ہورہی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں سدھار آنے کے بجائے کشیدگی پیدا ہو رہی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بنا جنوبی ایشیائی خطے میں دائمی امن اور استحکام کی ضمانت فراہم نہیں کی جا سکتی اور بھارت کی سیاسی قیادت کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وقت گزاری کی پالیسی ترک کرکے اس مسئلہ کو اس کے تاریخی سیاسی پس منظر میں حل کرنے کیلئے پاکستان اور کشمیری عوام کے ساتھ بامعنی بات چیت کے عمل کا آغاز کرے۔