• news

متحدہ کے استعفے سیاسی معاملہ، کراچی آپریشن پر سمجھوتہ نہیں ہو گا : پرویز رشید

اسلام آباد(اے این این + ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے استعفے سیاسی معاملہ ہے،کراچی آپریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، جرم اور سیاست الگ الگ چیزیں ہیں، رینجرز کا آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے، ایم کیو ایم کراچی کے عوام کی منتخب جماعت ہے، اس کے جائز تحفظات اور شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔ قائداعظم نے اپنے مقاصد کے حصول کیلئے کبھی طاقت کا سہارا نہیں لیا ، ہمیشہ محنت اور دلائل سے کام لیا، مقاصد کے حصول کے لئے خود کش جیکٹس اور ٹارگٹ کلنگ ضروری نہیں۔ اسلام آباد لوک ورثہ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصاویر کی نمائش میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام کے منتخب کردہ جماعت کی حیثیت سے پارلیمنٹ میں رہنا ایم کیو ایم کا حق ہے استعفوں کا معاملہ سیاسی طریقے سے حل کیا جائے گا تاہم کراچی شہر میں امن کا قیام بھی وہاں کے شہریوں کا حق ہے، ووٹرز کا حق ہے کہ وہ امن و امان کی صورتحال میں رہیں ، کراچی کے لاکھوں افراد کے حق رائے دہی کا احترام کرتے ہوئے فیصلے کریں گے۔ سیاسی جماعتیں اپنی غلطیاں تسلیم کر کے آگے بڑھیں۔

ای پیپر-دی نیشن