• news

ڈیرہ بگٹی: جھڑپ‘ 2 دہشت گرد ہلاک‘ 100 سے زائد فراری آج ہتھیار ڈالیں گے

ڈیرہ بگٹی+ ہنگو+ لنڈی کوتل (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ترجمان ایف سی کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں جھڑپ کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 13کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ادھر ہنگو کے علاقہ کٹا کانڑی اور لختی بانڈہ مہاجر کیمپ میں سکیورٹی فورسز، حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 5 غیرملکی مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق باوثوق ذرائع کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر آج کوئٹہ، پنجگور اور دیگر علاقوں میں پہاڑوں پر جانے والے 100 سے زائد فراری آج حکومت کے پرامن بلوچستان منصوبے کے تحت ہتھیار ڈالیں گے۔ ان ہتھیار ڈالنے والوں کو منصوبے تحت فی کس 5 سے 15 لاکھ روپے کے علاوہ ان کے بچوں کو تعلیم اور صحت اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ہتھیار ڈالنے والوں میں کالعدم تنظیموں کے اہم کمانڈرز بھی شامل ہوں گے۔ ادھر خیبر ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ نے باڑہ کے سپاہ قبیلے کو 12 کروڑ روپے جرمانہ اور 118 مطلوب افراد کو انتظامیہ کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ مطلوب افراد پر الزام ہے وہ گذشتہ سال اکتوبر میں سکیورٹی فورسز قافلے پر کیے گئے حملے میں ملوث ہیں۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ دنوں سپاہ قبیلے کے ایک وفد نے پولیٹیکل انتظامیہ سے خیبر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں انتظامیہ کی جانب سے انھیں 118 مطلوب افراد کی فہرست فراہم کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے فہرست میں لشکر اسلام کے امیر منگل باغ اور اس کے سپاہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے قریبی ساتھیوں کے نام شامل نہیں ہیں۔ ذرائع نے بتایا انتظامیہ کی جانب سے اس بار فراہم کی جانے والی فہرست کچھ ماہ قبل فراہم کی جانے والی فہرست سے بالکل مختلف ہے، پہلے فراہم کی گئی فہرست میں منگل باغ اور اس کے ساتھیوں کا نام بھی شامل تھا۔ سپاہ قبائل کے ایک رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا جرگے نے متفقہ طور پر اس بات کا فیصلہ کیا کسی بھی ایسے جرم پر حکومت کو جرمانہ نہیں دیا جائے گا جو انہوں نے کیا ہی نہ ہو۔ ادھر حب میں عدالت روڈ پر واقع ایک نجی سکول پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ حملے سے سکول کے بیرونی دیوار اور مین گیٹ کو جزوی نقصان پہنچا۔

ای پیپر-دی نیشن