خواتین نئی نسل کی تربیت کو پہلی ترجیح بنا لیں تو ملک کے بیشتر مسائل حل ہو سکتے ہیں : محمودہ ممنون حسین کا یوم آزادی پر پیغام
کراچی (رپورٹ غزالہ فصیح ) یومِ آزادی کے موقع پر نوائے وقت کے ذریعے قوم کی خواتین کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان کی کامیابی کی ایک اہم اور بڑی وجہ اس میں خواتین کی شرکت ہے۔ اس سلسلے میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح سے لے کر صغریٰ فاطمہ تک ایثار، قربانی اور جذبۂ سرفروشی کی ایک کہکشاں ہے جس کی روشنی سے وطن عزیز کے درو دیوار روشن ہیں۔ حصولِ پاکستان کی جدوجہد کی طرح تعمیرِ پاکستا ن کی جدوجہد کے لیے بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے اور ہماری اس منزل کا حصول بھی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اس میں خواتین شریک نہ ہوں۔ لیکن خواتین اگر اپنی بنیادی ذمہ داری یعنی نئی نسل کی تربیت کو اپنی پہلی ترجیح بنا لیں تو اس کے نتیجے میں پاکستان کے بیشتر مسائل کا حل ممکن ہے۔ میں نئی نسل کی بچیوں سے کہا کرتی ہوں کہ وہ اپنی خواہش کے مطابق بھرپور تعلیم حاصل کریں لیکن اس کے ساتھ ہی وہ اچھا مسلمان اور اچھا پاکستانی بننے کی بھی کوشش کریں۔