ملک بھر میں 69 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا
لاہور/ اسلام آباد/ کراچی/ کوئٹہ/ پشاور (خصوصی رپورٹر/ وقائع نگار خصوصی/ سپیشل رپورٹ/ ایجنسیاں) لاہور سمیت ملک بھر، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں پاکستان کا 69 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، نماز فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں قومی سلامتی اور پاکستان کی خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ یوم آزادی کی مرکزی تقریب جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوئی جس میں صدر، وزیراعظم، تینوں مسلح افواج کے سربراہوں اور دیگر سول وفوجی حکام نے شرکت کی۔ صدر ممنون نے پرچم کشائی کی۔ لاہور میں مزار اقبال اور کراچی میں مزار قائداعظم پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات ہوئیں۔ مزار اقبال پر پاک فوج کی بلوچ رجمنٹ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے جبکہ مزار قائداعظم پر پاک بحریہ کے کیڈٹس اور سیلرز نے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ مزار اقبال پر تقریب کے مہمان خصوصی گےریژن کمانڈر لاہور میجر جنرل سردار طارق مان اور مزار قائداعظم کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور فواد امین بیگ تھے۔ مزار قائداعظم اور اقبال پر فاتحہ خوانی کے ساتھ ساتھ پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ 69 ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں سیاسی وسماجی تنظیموں نے بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کیں۔ جشن آزادی کے موقع پر ملک بھرمیں عام تعطیل رہی۔ یوم آزادی کے موقع پرراولپنڈی اور اسلام آباد کے اکثر علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہی۔ دریں اثناءامریکہ کے مختلف شہروں میں بھی پاکستان کا یوم آزادی منایا گیا، اس دوران پاکستان ڈے پریڈ، میلے اور ریلیاں ہوئیں۔ پاکستان میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں ہوئی جس میں صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ارشد محمود سمیت وفاقی وزرائ، ارکان پارلیمنٹ اور غیرملکی سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے پرچم کشائی سے کیا۔ پاک فضائیہ نے پاکستان کا 69 واں یوم آزادی جوش و خروش اور ولولے کے ساتھ منایا۔ فضائیہ کے اعلامیہ کے مطابق یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز پاک فضائیہ کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کیلئے دعا کے ساتھ ہوا جس کے بعد قومی ترانہ گایا گیا۔ اسلام آباد ائرہیڈ کوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ ائروائس مارشل فاروق حبیب چیف آف ائرسٹاف ٹریننگ نے پرچم کشائی کی۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعہ کو یوم آزادی کے موقع پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بانی پاکستان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ علاوہ ازیں ہر سال کی طرح اس دفعہ بھی پاکستان رینجرز (پنجاب) کے زیراہتمام یوم آزادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منعقد کی گئیں۔ جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (پنجاب) میجر جنرل عمر فاروق برکی نے رینجرز کے اعلیٰ افسران اور جوانوں کی موجودگی میں سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ اسی طرح کی تقاریب بیک وقت جوائنٹ چیک پوسٹ گنڈا سنگھ والا اور جوائنٹ چیک پوسٹ ہیڈ سلیمانکی پر بھی ہوئیں۔ پرچم کشائی کی تقریب کے بعد رینجرز ہیڈ کوارٹر میں جشن آزادی کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا جہاں رینجرز پبلک سکول کے بچوں نے اپنی معصوم آوازوں میں ملی نغمے سناکر ولولے تازہ کئے۔
یوم آزادی منایا گیا