• news

بھارتی وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ کے پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکبادی پیغامات

اسلام آباد + نئی دہلی (سپیشل رپورٹ + آن لائن) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کو مبارکباد کا پیغام بھجوایا ہے جبکہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی پاکستان کے یوم آزادی پر تہنیتی پیغام دیا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے ہم منصب وزیر اعظم نوازشریف کو مبارکباد پیغام دیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں وزیر اعظم نواز شریف اور پاکستانی عوام کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قیادت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک کو تعلقات کی بہتری کیلئے مثبت رویوں کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ 1947ءسے اب تک پاکستانی قوم نے پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانے کے لئے جدوجہد کی ہے۔ پاکستان وہ ملک ہے جس کی اپنی تاریخ اور ممتاز ورثہ ہے۔ جان کیری نے اپنے پیغام میں مزید کہا امریکی حکومت، صدر اوباما پاکستانی قوم کی ناقابل تسخیر جذبے، مشکلات کی مزاحمت، مقابلے اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی عوام اب خوشحال مستحکم اور مضبوط جمہوری ملک کی سمت کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔ ایک جمہوری اور خوشحال پاکستان خطے کے مفاد میں ہے۔ جان کیری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم امریکی قائداعظم کے 1947ءکے عیدالاضحی کے پیغام سے روشنی حاصل کرتے ہیں جس میں انہوں نے پاکستانی قوم کو قربانی کا درس دیا تھا۔ اے این این کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے پیغام میں مزید کہا امریکہ تمام پاکستانیوں کے ناقابل تسخیر جذبے، مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور اقتصادی خوشحالی اور جمہوری اقدار کی مضبوطی کے لئے دی جانے والی قربانیوں کی قدر کرتا ہے۔ جان کیری نے کہا کہ امریکہ بھی قائداعظم کے 1947 میں عید الاضحیٰ کے موقع پر دئیے گئے امید، ہمت اور اعتماد کے پیغام سے متاثر ہے اور اسی عزم و حوصلے کے ساتھ مستقبل کا سامنا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہے۔ حالیہ مہینوں میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون میں وسعت دینے پر غور کر رہے ہیں۔
مبارکبادی پیغامات

ای پیپر-دی نیشن