• news

متحدہ کے ساتھ معاملات سلجھانے کیلئے رینجرز آپریشن کی نگرانی کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (ابرار سعید/ دی نیشن رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ سے معاملات سلجھانے اور صلح صفائی کیلئے حکومت نے فوری طور پر مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو کراچی میں عسکریت پسندوں اور قانون شکن عناصر کے خلاف رینجرز کے آپریشن کے معاملات کو دیکھے گی۔ اس کی تصدیق حکومتی ذرائع نے دی نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کی ہے۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے جے یو آئی (ف) کے رہنما فضل الرحمن سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات میں ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ کے استعفوں سے پیدا ہونے والے بحران کے حل کیلئے مختلف آپشنز پر بات کی۔ چند روز قبل وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماﺅں سے ملاقات میں فضل الرحمن کو متحدہ کے استعفوں سے پیدا شدہ بحران دور کرنے کا ٹاسک سونپا تھا۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کراچی میں رینجرز کے آپریشن کی نگرانی کیلئے فوری طور پر مانیٹرنگ کمیٹی بنانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ یہ کمیٹی کراچی میں رینجرز آپریشن کی نگرانی کرے گی تاہم عسکریت پسندوں اور دیگر کے خلاف آپریشن رول بیک نہیں ہو گا۔ دوسری جانب کراچی کی سیاسی جماعتوں نے آپریشن کی نگرانی کیلئے کمیٹی کے قیام پر اظہار مسرت کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسحق ڈار نے فضل الرحمن کو وزیراعظم کا پیغام پہنچا دیا ہے، وہ متحدہ کے سامنے یہ معاملہ اٹھائینگے۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق انہیں الطاف حسین کے براہ راست خطاب پر اعتراض نہیں مگر اس میں قومی اداروں کے خلاف قابل اعتراض بات نہیں ہونی چاہئے۔
مانیٹرنگ کمیٹی

ای پیپر-دی نیشن