• news

یوم آزادی پر بھی جارحیت : راولا کوٹ : بھارت کی بلااشتعال فائرنگ‘ خاتون شہید‘ شوہر اور دو بیٹیاں زخمی

راولا کوٹ+ اسلام آباد (آن لائن+ بی بی سی+ نوائے وقت رپورٹ) بھارت پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر بھی شرانگیزی اور جارحیت سے باز نہ آیا۔ آزاد کشمیر کے راولا کوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے خاتون شہید جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ بھارت نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راولا کوٹ کے نیزہ پیر سیکٹر میں شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں سے مارٹر گولے اور بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کرنی کی رہائشی خاتون شہید ہو گئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق مارٹر گولے موہڑی گاﺅں کے رہائشی محمد اعظم کے گھر پر گرے، بھارتی شیلنگ سے خاتون منیر اختر شہید ہوئی جبکہ اسکی 2 بیٹیاں شدید زخمی ہوئیں۔ بی بی سی کے مطابق اسکا شوہر بھی زخمی ہوا جنہیں طبی امداد مہیا کرنے کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی مارٹر گولوں سے دیگر مکانات بھی منہدم ہوگئے۔ گولہ باری سے شہریوں میں شدید خوف ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی تاہم بھارت نے ایک بار پھر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ بھارتی فوجی چوکیوں پر فائرنگ کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاک فوج نے شاہ پور کیرنی میں واقع بھارتی فوج کی چوکیوں پر بلااشتعال ایک گھنٹے تک فائرنگ کی۔ خیال رہے کہ پاکستان کے دفتر خارجہ نے 11 اگست کو بھارتی نائب ہائی کمشنر کو طلب کر کے احتجاج کیا تھا اور بتایا تھا کہ صرف ڈیڑھ ماہ کے دوران بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر فائربندی کی 60 سے زیادہ مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ہے۔ دریں اثناءواہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی نے پرچم کشائی کی۔ اس پرمسرت موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی اور وطن کے دفاع کے عزم کو دہرایا گیا۔ واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پُرجوش اور پُروقار تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ واہگہ بارڈر پر فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر، پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ، پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، شرکاءکا بھرپور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ اس بار رینجرز کی طرف سے بی ایس ایف کو مٹھائی نہیں دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن