کراچی : یوم آزادی پر لوگ بے خوف گھروں سے نکلے‘ مزار قائد پر دو لاکھ سے زائد نے حاضری دی : ترجمان رینجرز سندھ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی) پاکستان رینجرز سندھ نے یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق سخت سکیورٹی کے باعث لوگوں نے پُرامن طریقے سے آزادی کا جشن منایا اور کراچی میں یوم آزادی پر لوگ بے خوف ہو کر اپنے گھروں سے نکلے اور جشن منایا۔ ایک اندازے کے مطابق دو لاکھ سے زائد افراد نے مزار قائد پر حاضری دی۔ چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد نے کہا ہے کہ گزشتہ روز خریداری کا 40 سال کا ریکارڈ ٹوٹا ہے۔ علاوہ ازیں کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے مطابق رینجرز نے لانڈھی میں ایم کیو ایم یونٹ آفس اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار کر یونٹ انچارج سمیت 7 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق نے بی بی سی کو بتایا کہ رینجرز کی طرف سے چھاپے کے دوران انکے ساتھ سادہ لباس میں لوگ بھی تھے جو یہ کارروائی کر رہے تھے جبکہ رینجرز انکی نگرانی کر رہے تھے۔ امین الحق نے الزام عائد کیا کہ رینجرز ایم کیو ایم کے لانڈھی یونٹ اور سیکٹر کے دفاتر کے باہر مبینہ طور پر ایم کیو ایم حقیقی کے مسلح افراد کو بٹھا کر چلے گئے ہیں۔ امین الحق کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے لانڈھی سیکٹر اور یونٹ کے دفاتر پر چھاپہ ایک ایسے وقت مارا گیا ہے جب ایم کیو ایم جشن آزادی کے موقع پر جناح گراو¿نڈ میں دو روزہ جشن منا رہی تھی۔ علاوہ ازیں متحدہ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے سیاسی ڈھانچے کو لپیٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنوں کو جمعرات کی رات کو قانون نافذ کرنے والوں نے گرفتار کیا جو جشن آزادی منا رہے تھے۔ دریں اثناءلانڈھی 6 سے ڈاکٹر فاروق ستار کی زیرقیادت ریلی نکالی گئی۔ علاوہ ازیں سکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ جمعرات کی رات لانڈھی میں کارروائی کراچی آپریشن کا حصہ ہے۔ ایم کیو ایم کے 4کارکنوں کی گرفتاری کارروائیوں کا حصہ ہے۔ چار پولیس اہلکاروں کے قاتلوں کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ ترجمان رینجرز کے مطابق لانڈھی نمبر 6میں کارروائی کرکے ٹارگٹ کلر سمیت چار افراد گرفتار کر لئے۔ گرفتار ملزمان میں ایم کیو ایم یونٹ 84کا انچارج عقیل شامل ہے۔ گرفتار ملزم عقیل ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ ملزم عقیل، سلیم انقلابی اور منظور لمبا کا قریبی ساتھی ہے۔ دوسرا گرفتار ملزم ایم کیو ایم یونٹ 84اے کا جوائنٹ انچارج ناصر الدین ہے۔ ملزم ناصر قتل سمیت جرائم کی دیگر وارداتوں میں ملوث ہے۔