• news

ہیئر: کرنٹ لگنے سے موٹرسائیکل سوار 2 افراد جاں بحق‘ ورثاء کا لیسکو کیخلاف احتجاج

لاہور (نامہ نگار) ہیئر کے علاقہ میں بجلی کے کھمبے سے لٹکتے تاروں سے چھونے سے موٹر سائیکل سوار دو افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعہ پر ورثاء اور اہل علاقہ نے لیسکو کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ عسکری ٹین کا رہائشی زمیندار باغ علی اپنے ملازم اظہر محمود کے ساتھ گزشتہ روز موٹر سائیکل پر اپنے کھیتوں میں جا رہا تھا راستے میں ایک بجلی کے کھمبے سے تار ٹوٹ کر نیچے لٹک رہے تھے جب وہ کھمبے کے پاس سے گزرنے لگے تو لٹکتے تار چھونے سے انہیں کرنٹ لگ گیا باغ علی اور اظہر محمود دونوں جھلس کر موقع پر ہی تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئے ہیں کھیتوں میںکام کرنے والے لوگوں نے دیکھ کر شور مچایا جس پر دیگر افراد بھی جمع ہو گئے۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں پہنچیں تو دونوں افراد جھلس کر کوئلہ بن چکے تھے۔ پولیس نے نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہیں ہلاکتوں کی اطلاع ملتے ہی گھر میںکہرام مچ گیا متوفی کی اہلیہ اور بچے غم سے نڈھال ہو گئے۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا گزشتہ دو روز سے بجلی کے مین تار سڑک پر گرے ہوئے تھے، متعدد بار لیسکو کو شکایت کی لیکن انہوں نے کوئی اقدام نہ کیا جس کے باعث یہ حادثہ رونما ہوا ہے اہلخانہ کا کہنا ہے لیسکو کی نااہلی کی وجہ سے باغ علی اور اظہر محمود کی ہلاکتیں ہوئی ہیں ورثاء اور اہل علاقہ نے روڈ بلاک کرکے لیسکو کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی ہے۔ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے لواحقین کا کہنا تھا اگر پولیس نے متعلقہ لیسکو افسران اور ملازمین کے خلاف مقدمہ درج نہ کیا تو دوبارہ احتجاج کیا جائے گا متوفی باغ علی پانچ بچوں کا باپ تھا تفتیشی افسر کے مطابق مدعیوں کی جانب سے کارروائی کیلئے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن