پاکستان یقینی بنائے اس کی سرزمین بھارت کیخلاف استعمال نہیں ہو گی: پرناب مکھرجی
نئی دہلی (نیوز ڈیسک + آئی این پی + اے این این) بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے پاکستان کا نام لئے بغیر پھر واویلا مچاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سرحد پار سے مختلف دہشت گرد گروپوں کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ بھارت میں دراندازی اور انتشار پیدا کرنے کی کوششوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ اپنے ملک کے یوم آزادی پر قوم سے ٹی وی ریڈیو پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کو سرکاری پالیسی کا حصہ بنانے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔ ہمارے پڑوسی ملک کو یقینی بنانا ہو گا کہ اس کی سرزمین بھارت دشمن قوتوں کی جانب سے استعمال نہیں ہو گی‘ انہوں نے کہا کہ بھارت کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی رہے گی۔ ہم خوشی سے دوستی کا ہاتھ بڑھانے کو تیار ہیں لیکن اشتعال انگیزی کی کارروائیوں اور سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے غافل نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور نظریہ نہیں ہوتا۔ یہ دہشت گرد ہماری سکیورٹی کیلئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کیلئے ہم دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں مگر اشتعال انگیزیوں اور سکیورٹی کے ماحول کو خراب کرنے کی کوششوں پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ بھارتی صدر نے لوک سبھا میں اپوزیشن جماعتوں کے ہنگاموں پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ بحث کے فورم کی بجائے لڑائی کا اڈہ بن کر رہ گیا ہے۔ بھارت نے کہا ہے کہ وہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے اور اب یہ پاکستان پر منحصر ہے کہ کسی طرح کا ردعمل ظاہر کرتا ہے، بھارتی مرکزی وزیر راج وردھن راتھور نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت سے جاری رکھنے سے متعلق بیان پر اپنے رد عمل میں کہا کہ پاکستان میں بہت سے گروپ ایسے ہیں جو بات چیت کے عمل کو مشکل بناتے ہیں جبکہ ہمارا منشور ’’سب کا ساتھ سب کا ویکاس‘‘ ہے۔