ملا منصور کے حامی اور مخالف گروپوں میں جھڑپ‘ 15 طالبان ہلاک ہوگئے: افغان حکومت کا دعویٰ
کابل (اے این این) افغان حکومت نے دعویٰ کیاہے کہ طالبان کے سپریم کمانڈر ملامحمد عمر کی وفات کے بعد جانشینی کا تنازع شدت اختیار کرگیاہے ،ملا منصور کے حامی اور مخالف گروپوں میں جھڑپ کے نتیجے میں 15طالبان ہلاک ہوگئے ۔میڈیا نے مقامی حکومتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ ملا عمر کی جانشینی کا تنازع شدت اختیار کرگیا ،جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب صوبہ زابل کے ضلع شنداند میں ملا منصور اورمخالف دھڑے میں جھڑپ کے نتیجے میں 15طالبان ہلاک ہوگئے ہیں ۔صوبہ غزنی کے حکام نے میڈیا کو بتایاکہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے جگوری ضلع سے 9مسافروں کو اغوا کرلیا ۔صوبائی گورنر کے ترجمان شفیق نانگ ساپی نے بتایاکہ مسلح افراد نے مسافروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کیاجبکہ مغوی مسافروں میں سے ایک بچے اور بزرگ شہری کو رہا کردیاگیا ۔