جواد ایس خواجہ کل چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائینگےچیف جسٹس ناصر الملک آج ریٹائر ہوجائینگے
اسلام آباد (این این آئی) چیف جسٹس ناصر الملک ایک سال ایک ماہ اور 11 دن چیف جسٹس رہنے کے بعد آج ریٹائر ہوجائیں گے جبکہ جسٹس جواد ایس خواجہ کل چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ چیف جسٹس ناصر الملک نے وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دینے، عام انتخابات 2013ءکو دھاندلی کی بنیاد پر کالعدم قرار دینے کی درخواستوں کے نا قابل سماعت قرار دیکر خارج کیا۔ چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن نے عام انتخابات 2013 ءمیں منظم دھاندلی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ فوجی عدالتوں 18 ویں اور 21 ویں آئینی ترامیم کیخلاف درخواستیں خارج کیں۔ جسٹس نا صر الملک نے بطور جج سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا۔ جسٹس ناصر الملک کے بطور چیف جسٹس دور میں مجموعی طور تقریبا ساڑھے 15 ہزار مقدمات نمٹائے اور ساڑھے 18 ہزار نئے مقدمات کا اندراج ہوا۔چیف جسٹس جسٹس جواد خواجہ کم عرصہ والے چیف جسٹسز میں دوسرے نمبر پر آتے ہیں۔ چیف جسٹس محمد شہاب الدین کو کم ترین عرصہ میں چیف جسٹس رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ صرف 10 روز کےلئے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہے۔ انہوں نے 3 مئی 1960ءبطور چیف جسٹس عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور 12 مئی کو سبکدوش ہوئے۔ جسٹس بشیر جہانگیری تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 7 جنوری 2002ءکو چیف جسٹس ارشاد حسن کی ریٹائرمنٹ پر چیف جسٹس کا حلف اٹھایا اور اسی ماہ 31 جنوری کو ریٹائر ہوگئے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ 24 دن کےلئے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے۔
جسٹس جواد خواجہ/ حلف