پیپلز پارٹی ورکرز نے ایک سال کیلئے مرکزی عہدیداروں، ممبر سازی مہم کا اعلان کردیا
لاہور (خبر نگار) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز نے ایک سال کیلئے مرکزی عہدیداروں کے ناموں اورنئی ممبر سازی مہم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، الیکشن کمشن کے ریکارڈ میں بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کے پیٹرن انچیف ہیں اگر انہوں نے چیئرمین بننا ہے تو انٹرا پارٹی انتخابات کے ذریعے کارکنوں کا اعتماد حاصل کریں، تمام سیاسی جماعتیں بحران کا شکار ہیں، کرپشن کے عنصر اور سویلین سٹرکچر تباہ ہونے کی وجہ سے طاقت کا توازن راولپنڈی کی طرف منتقل ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر صفدر عباسی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ پاکستان معاشی، سماجی اور سیاسی ابتری کا شکار ہا جس میں غریب غریب تر جبکہ امیر طبقہ امیر تر ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مشاورت کے ساتھ مرکزی عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا جو ایک سال تک فرائض سر انجام دیں گے اور 14 اگست 2016ء میں پیپلز پارٹی ورکرز کی منتخب تنظیمیں وجود میں آجائیں گی۔ جن عہدیداروں کے ناموںکا اعلان کیا گیا ہے ان میں ڈاکٹر صفدر علی عباسی صدر، برکت نادر سینئر نائب صدر، ساجد میر سیکرٹری جنرل، غلام عباس ڈپٹی سیکرٹری جنرل، رائے قیصر سیکرٹری اطلاعات جبکہ اقتدار علی شاہ فنانس سیکرٹری ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی تنظیمی سر گرمیوں کیلئے صوبائی، ڈویژنل، ضلع اور تحصیل سطح پر رابطہ کمیٹی قائم کی جارہی ہیں۔ ناہید خان نے کہا کہ ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں۔ پاکستان میں مافیاز کا سیاست، معاشیات سمیت ہر جگہ قبضہ ہے جسے ختم کرانے کیلئے سب کو باہر نکل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ آصف علی زرداری کو لیڈر نہیں مانتی وہ منافقت کی سیاست کرتے ہیں ۔ بلاول بھٹو کا احترام کرتے ہیں۔ اگر انہوں نے سیاست کرنی ہے تو انہیں اپنے نانا اور والدہ کی سیاسی میراث کو لیکر چلنا ہوگا۔