چودھری شیر علی کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں، میئر بننے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں: رانا ثناء اللہ
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا چوہدری شیرعلی کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں اور مسلم لیگ(ن) کی قیادت بھی ان کی باتوں اور الزامات پر توجہ نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا جنرل الیکشن میں بعض سیاسی رہنماؤں نے ٹکٹوں کے معاملے پر سیاسی دکانداری چلائی جسے ہم نے بند کرا دیا، اس بار بھی دکانداری نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے کہا شیخ اعجاز، شعیب ادریس، الیاس انصاری، خالد سعید کی ٹکٹوں کے پیسے کس نے پکڑے؟ اب وہ زمانہ نہیں رہا میئر بننے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں، فیصلہ قیادت نے کرنا ہے۔ جلسے سے ارکان اسمبلی الیاس انصاری، شیخ اعجاز، میاں محمد فاروق نے بھی خطاب کیا۔ رانا ثناء نے کہا کہ کراچی میں آپریشن جاری رہنا چاہیے۔ الطاف حسین گفتگو ٹھیک کر لیں تو مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔ پاکستان سیاسی عدم استحکام کا شکار نہ ہوا تو مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مسلم لیگ(ن) کے لئے فائدہ مند ہیں مگر صورت حال کے باعث تاخیر کا باعث ہو رہے ہیں۔ اب نومبر میں الیکشن کرانے پر اتفاق کر لیا ہے۔