• news

افغانستان: آپریشن‘ حملے‘ 76 طالبان‘ 13 فوجی ہلاک

کابل (آئی این پی + آن لائن) افغانستان میں امریکی ڈرون طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کی نیٹو نے تصدیق کردی جبکہ طالبان نے شمالی صوبہ بغلان میں متعد د دیہاتوں پر قبضہ کر لیا، ملک کے مختلف علاقوںمیں سکیورٹی فورسز کے تازہ آپریشن میں 76 جنگجو ہلاک اور 123 زخمی ہوگئے جبکہ 13 کو گرفتارکرلیا گیا، طالبان کے حملوں میں 13 افغان فوجی بھی مارے گئے، دوسری جانب غزنی میں مسلح افراد نے 10 مغوی شہریوں کو رہا کر دیا۔ ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق شمال مشرقی صوبہ کپیسا میں امریکہ کا جاسوس طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ تاہم طیارے کی تباہی کی وجہ نہیںبتائی گئی۔ نیٹو کے مطابق جاسوس طیارہ شمال مشرقی صوبے کپیسا میں گر کر تباہ ہوا۔ ادھر طالبان عسکریت پسندوں نے شمالی صوبہ بغلان کے ضلع برقعہ کے 10 دیہات پر قبضہ کرلیا ہے۔ عمائدین نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت ان دیہاتوں کو طالبان کے قبضے سے چھڑانے میں ناکام ہو گئی تو دیگر دیہات بھی طالبان کے قبضے میں جا سکتے ہیں۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظاہر عظیمی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوںمیں ملک کے مختلف حصوںمیں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 76 طالبان عسکریت پسند ہلاک اور 123 زخمی ہو گئے جبکہ 13 کو گرفتارکرلیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طالبان کے خلا ف کارروائیوں کے دوران 13 افغان فوجی بھی مارے گئے۔ دوسری جانب نامعلوم مسلح افراد نے مشرقی صوبہ غزنی کے ضلع قارہ باغ سے اغواء کیے گئے 10 شہریوں کو رہا کر دیا۔ ایک بس صوبہ جائزوجان میں سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی۔ 3 شہری جاں بحق‘ 3 زخمی ہو گئے۔ افغان طالبان کے امیر ملا منصور کا ایمن الظواہری کی بیعت کا خیرمقدم کیا ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان کے امیر ملامنصور نے ایک بیان میں کہاکہ میں ایمن الظواہری کی بیعت کو قبول کرتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دو روز قبل القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری نے ایک آڈیو پیغام میں افغان تحریک طالبان کے نئے سربراہ ملا اختر منصور سے وفاداری کا اعلان کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن