شوال، فضائی کارروائی میں40 دہشت گرد ہلاک: چاغی، چوکی پر دھاوا،3 ایف سی اہلکار شہید ،2 حملہ آور مارے گئے
شوال/ اسلام آباد/ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں گزشتہ روز سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں 40 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونیوالوں میں اہم دہشت گرد کمانڈر بھی شامل ہیں جبکہ چاغی کے علاقہ دالبندین میں دہشت گردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا۔ حملے میں 3 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں سکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 40 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وادی شوال کے مختلف علاقوں میں قائم دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کرکے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا گیا ہے اور دہشت گردوں کیخلاف شوال میں آپریشن تیز کردیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ اے ایف پی کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف تازہ کارروائیوں میں اب تک 2800 دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز فضائی کارروائی افغان بارڈر کے قریب شوال میں کی گئی۔ علاوہ ازیں چاغی کے علاقے دالبندین میں دہشت گردوں نے ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا جس میں 3 ایف سی اہلکار شہید ہو گئے، جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاک ایران بارڈر کے قریب دالبندین میں قلعہ کرد میں نامعلوم دہشت گردوں نے فارن چیک پوسٹ پر جدید اسلحہ سے حملہ کیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، ایک ایل ایم جی اور بھاری مقدار میں دیگر اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں بری فوج کا آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور فوج نے اس قبائلی ایجنسی کو بڑی حد تک دہشت گردوں سے خالی کروالیا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے زیراستعمال متعدد کمین گاہیں بھی تباہ کردی گئی ہیں۔ شمالی وزیرستان آپریشن کے آخری مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے دوران طالبان دہشت گردوں کو علاقہ بدر کردیا جائیگا۔ دہشت گردوں کی ہلاکتوں اور فرار ہونے سے علاقے میں امن بحال ہو رہا ہے۔