• news

پنجاب میں3 روزہ سوگ کا اعلان: شجاع خانزادہ کے قاتل انجام سے نہیں بچ سکیں گے: شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت سے ملک سچے پاکستانی اور وطن پر جان چھڑکنے والے سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت کے صدمے کو اپنے الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہوں ۔ وہ میرے عزیز ساتھی تھے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گرانقدر خدمات سر انجام دیں جنہیں قوم کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔ کرنل (ر) شجاع خانزادہ دیانت، محنت اور جرات کے اعتبار سے اپنی مثال آپ تھے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے عفریت کے خلاف ہماری جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی اور سفاک قاتل اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا اور آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے چودھری شیر علی کو حملہ کے فوری بعد موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واقعہ میں دیگر شہدا کے لواحقین سے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس لائن اٹک میں صوبائی وزیر داخلہ اور ڈی ایس پی کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ وزیر داخلہ چودھری نثار، رانا مشہود احمد، بلال یاسین،خواجہ احمد حسان اور دیگر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہید اور ڈی ایس پی شوکت شاہ شہید کی میتوں پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعلیٰ اس موقع پر انتہائی غمزدہ دکھائی دے رہے تھے بعدازاں شہید کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کے بیٹے جہانگیر خانزادہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے والد نے پاکستان کے لئے لازوال قربانی دی ہے اور ان کی عظیم مقصد کے لئے قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن