اٹک حملے کے ماسٹر مائنڈ تک پہنچنے کیلئے تحقیقات شروع‘ پنجاب بھر میں چھاپے
اٹک (آئی این پی) پنجاب بھر میں بڑا سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے اور مشتبہ گروہوں کے مخصوص ٹھکانوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ سکیورٹی کے ذمہ دار ادارے اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ صوبائی وزیر داخلہ کے حفاظتی انتظامات میں وہ کونسی خامیاں تھیں جن کی وجہ سے اس سانحہ کو نہ روکا جا سکا۔ حساس اداروںنے اٹک خودکش دھماکے کے ماسٹر مائنڈ تک پہنچنے کیلئے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ مختلف پہلوئوں پر غور شروع کرکے کالعدم تنظیموں کے بارے میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کالعدم لشکری جھنگوی کے سربراہ ملک اسحاق کی دو بیٹوں اور 14 دہشت گرد ساتھیوں سمیت پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ پر خودکش حملے کو خصوصی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ کالعدم لشکر جھنگوی کے سربراہ کے ہمراہ مارے جانیوالے تنظیم کے سیکرٹری اطلاعات کے بیان کی روشنی میں 16 رکنی ڈیتھ سکواڈ کے بارے میں معلومات اور اسکی تلاش کا کام بھی بدستور جاری ہے۔ واقعہ کے بعد اٹک، حضرو، حسن ابدال اور گردونواح کے علاقوں میں کریک ڈائون تیز کردیا گیا اور مشکوک افراد کو حراست میں لیا جارہا ہے۔