• news

آپ کو دیکھ لیں گے: دہشت گردوں کی دھمکی، مجھے فرق نہیں پڑتا: شجاع خانزادہ کا جواب

اسلام آباد (آئی این پی) اٹک میں خود کش دھماکے میں شہید ہونیوالے وزیر داخلہ پنجاب کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے 23 جون کو میڈیا کو دہشتگردوں کی طرف سے دھمکیوں سے آگاہ کیا تھا، دہشتگردوں نے انہیں ٹیلی فون پر کہا تھا کہ آپ کو دیکھ لیں گے جس پر بہادر شجاع خانزادہ نے جواب دیا تھا کہ مجھے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ دھمکیاں دینے والے دہشتگرد کون ہیں، دھمکیوں کے باوجود انہوں نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا عزم کیا تھا، کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے ایک پریس کانفرنس میں پاکستان میں کرکٹ روکنے کی ’’ را ‘‘ کی سازش کو بھی بے نقاب کیا تھا۔ شجاع خانزادہ ’’دبنگ ‘‘ صوبائی وزیر کے طور پر جانے جاتے تھے اور انہوں نے پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کیا۔ شجاع خانزادہ دہشتگرد تنظیموں کے خلاف اقدامات کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کرتے تھے، انہیں دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے لئے بیباک اور بہادر ترجمان کے طور پر جانا جاتا تھا ۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے پاکستان میں کرکٹ روکنے کے لئے بھارتی ایجنسی ’’ را‘‘ کی سازش کو بے نقاب کیا تھا اور وہ بھارت کی دہشتگردی کی کارروائیوں کے حوالے سے بلا خوف و خطر اظہار کرتے تھے۔ ان کے علاقے کے لوگوں کے مطابق کرنل (ر) شجاع اپنے علاقے میں اکثر سکیورٹی کے بغیر چلتے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن