شہید ڈی ایس پی شوکت شاہ گیلانی ادیب و شاعر بھی تھے، دو شاعری مجموعے ’’بغیر تیرے‘‘ اور ’’دربدر‘‘ شائع ہوچکے ہیں ‘تعلق روات سے تھا
مانکیالہ+اٹک (عبدالخطیب چوہدری سے+آن لائن) خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے نوجوان ڈی ایس پی سید شوکت شاہ گیلانی ادیب و شاعر بھی تھے۔ دو شاعری مجموعے ’’بغیر تیرے‘‘ اور ’’دربدر‘‘ شائع ہوچکے ہیں۔ محکمہ تعلیم میں ڈائریکٹ انسپکٹر بھرتی ہوئے، عوام کیلئے نرم دل جبکہ جرائم پیشہ عناصر کیلئے سخت گیر تھے۔صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کی سکیورٹی ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے ڈی ایس پی شوکت شاہ کا تعلق تھانہ روات کے گاؤں ہرکہ سے ہے جو روات سے پانچ کلو میٹر دور چک بیلی خان روڈ پر واقع ہے۔ شوکت شاہ ہرکہ میں پیدا ہوئے ان کے والد محترم نیاز شاہ جیلانی اٹک پوسٹ آفس میں سپرنٹنڈنٹ کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کی آبائی گاؤں شادی خان آمد پر سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے کہ خودکش دھماکہ میں شہید ہوگئے۔ ان کے قریبی عزیز نے بتایا کہ مرحوم کی نماز جنازہ آج صبح 10 بجے ان کے آبائی گاؤں ہرکہ میں ادا کی جائے گی۔