وزیراعلیٰ سندھ آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں‘ متحدہ ان سے ہی بات کرے: پرویز رشید
لاہور (اشرف ممتاز/ دی نیشن رپورٹ) وفاقی حکومت متحدہ کے قائد الطاف حسین کے اس مطالبے کی حمایت نہیں کرتی کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف دونوں جانب سے غلط فہمیوں کے ازالے کیلئے ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے ملاقات کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے دی نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے لوگوں کو وزیراعلیٰ سندھ سے بات کرنی چاہیے جوکہ کراچی آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔ حکومت سندھ بہتر طور پر ایم کیو ایم کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ واضح رہے کہ الطاف حسین نے تازہ ترین خطاب میں آرمی چیف اور متحدہ کے وفد کے درمیان ملاقات کا مطالبہ کیا تھا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو اسے نتائج بھی بھگتنا ہوں گے۔ دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا ہے کہ دھرنا سیاسی مسئلہ تھا قیادت عمران خان نے کی، سیاست میں عمران کو کامیابی نہیں ملی تو فائول کرنے کی کوششیں شروع کردیں۔ امپائر کا معاملہ عمران خان کی خود فریبی تھی پاکستان کی ریاست کے تینوں ستون حدود میں رہ کر کام کررہے ہیں۔ پاکستان کے کسی ادارے نے دائرہ اختیار سے باہر ہونے کی کوشش نہیں کی۔ مشاہد اللہ کی گفتگو پر وزیراعظم نے ایکشن لے کر واضح پیغام دیا کہ حکومت اور عسکری قیادت ایک ہی پیج پر ہیں۔ عمران خان کی طبیعت سیاستدان کی نہیں فاسٹ باؤلر کی ہے۔ گزشتہ3سال کے دوران ملک میں بہت تبدیلی آئی ہے، کراچی میں کوئی بندہ گھر سے رات کے وقت نہیں نکل سکتا تھا، اب لوگ پوری رات جشن منانے گھر سے نکلتے ہیں۔ بلوچستان میں نعشیں گرنا روز کا معمول تھا۔ اب وہاں امن وامان کی صورتحال دوسرے صوبوں کے برابر ہے۔