بلوچستان کی کالعدم تنظیموں کو مذاکرات کیلئے قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں: وزیراعلیٰ
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے بلوچستان میں صورتحال کی بہتری کا واحد حل بات چیت ہے، ہماری براہ راست خان آف قلات سلمان دائود سے بات چیت چل رہی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پہلے جرگے نے ملاقات کی اب صوبائی وزیر ثناء اللہ زہری نے ملاقات کی۔ اے پی سی میں مجھے بلوچستان پر بات چیت کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ خان آف قلات کی ثناء اللہ زہری سے بات چیت میں صورتحال میں بہتری کی امید ہے۔ خان آف قلات کا مثبت جواب ہمارے لئے حوصلہ افزا ہے۔ باہر بیٹھی عسکری قیادت کو بلوچستان کے مسائل کو سمجھنا چاہئے۔ ایک ہفتہ پہلے وزیراعظم اور آرمی چیف نے مفاہمتی پالیسی کی حمایت کی تھی۔ بلوچستان کی کالعدم تنظیموں کو مذاکرات کیلئے قائل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ ایک سوال پر کہا مری معاہدہ حقیقت ہے ہم اس کے پابند ہیں۔