• news

خون کی کمی میں مبتلا بچوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے: حمزہ شہباز

لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ بیمار اور دکھی انسانیت کی خدمت میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے بالخصوص بیماریوں میں مبتلا ننھے منے بچوں کی عملی مدد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس شعبے میں کام کرنے والے غیر سرکاری اداروں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی ہوتی رہنا چاہیے۔ حمزہ شہباز نے پنجاب حکومت کی طرف سے تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کو طبی سہولتیں بہم پہنچانے والے ادارے سندس فاؤنڈیشن کیلئے پانچ کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک منو بھائی کو دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کی طرف سے آئندہ بھی خون کی کمی میں مبتلا ان بچوں کی ہر ممکن مددکو جاری رکھا جائے گا۔ سندس فاؤنڈیشن تھیلیسیمیا کا سامنا کرنے والے بچوں کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے جس سے مریضوں کو خاطر خواہ ریلیف ملتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مستقل طور پر خون کی منتقلی ایک حساس معاملہ ہے جس کے تمام طبی پہلوؤں کو سامنے رکھنا چاہیے۔ اس موقع پر منو بھائی نے بتایا کہ سندس فاؤنڈیشن 1998ء سے تھیلیسیمیا کے شعبے میں خدمات سرانجام دے رہی ہے اور اس وقت 9 شہروں میں پانچ ہزار رجسٹرڈ بچوں کو مہینے میں دو مرتبہ بالکل مفت خون فراہم کیا جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن