مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کا کریک ڈاﺅن‘ پاکستانی پرچم لہرانے والے تین نوجوان گرفتار
سرینگر (اے این این)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کاپاکستانی پرچم لہرانے والے نوجوانوں کیخلاف کریک ڈاﺅن ،3 کو گرفتار کر لیا۔سبز ہلالی پرچم لہرانے کی پاداش میں سرینگر کے مضافاتی علاقے لاوے پورہ سے عنایت اللہ ملک، رئیس احمد اور غلام نبی خان نامی تین نوجوانوں کو انکے گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔ گرفتار کیے جانے والے نوجوانوں کے اہلخانہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتی پولیس نے چھاپے کے وقت خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ بھی کی۔ انہوں نے گرفتارنوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ حریت قیادت، دختران ملت اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ 15اگست کے موقع پر ہڑتال اور پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر سخت پابندیوں کے باوجود پاکستانی جھنڈا لہرایا جانا بھارت اور پوری عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔ کشمیری قوم نے ایک بار پھر فیصلہ سنادیا ہے کہ وہ کس طرف ہیں اور کیا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ)نے ایک بیان میں کہا کہ 15اگست پروادی میں ہمہ گیر ہڑتال اور 14اگست کے موقع پر سخت پابندیوں کے باوجود پاکستانی جھنڈا لہرائے جانے کو بھارت اور پوری عالمی برادری کیلئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری قوم نے ایک بار پھر فیصلہ سنا دیا ہے کہ وہ کس طرف ہیں اور کیا چاہتے ہیں۔ بیان میں حریت نے بھارت کے اربابِ اقتدار کو مشورہ دیا کہ وہ ہٹ دھرمی چھوڑ کر عوامی مینڈیٹ کو قبول کریں اور کشمیری قوم کو آزادانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل سے متعلق فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کریں۔ اِدھر کل جماعتی حریت کانفرنس (ع)کے ترجمان نے بھی کشمیری عوام کے احتجاجی ہڑتال کو بھارت کے لئے چشم کشا اور اپنی مبنی برحق جدوجہد کے ساتھ بے مثال استقامت اور وابستگی کا اظہار قرار دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی سیاسی قیادت اور پوری عالمی برادری کو کشمیری عوام کی جانب سے اس واضح پیغام کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ کسی بھی قسم کی بالادستی کو کسی بھی قیمت پر قبول کرنے کےلئے تیار نہیں بلکہ اپنے پیدائشی حق ’حق خودارادیت‘ کے حصول تک اپنی پر امن سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کل جماعتی حریت کانفرنس (گ)کے چیئرمین سےد علی گےلانی کو رواں تحرےک آزادی کے قائد اور روح رواںقرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کشمیری قوم گیلانی کی قےادت مےں آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوگی۔ حزب کمانڈ کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے کہا کہ سید علی گیلانی نہ صرف سےاسی بلکہ نظرےاتی محاذ پر بھی اس تحرےک کے محافظ ہےں۔ ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ادھر لیہہ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک اور بھارتی فوجی واصل جہنم ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بی پر 636 ساٹا بٹالین کے بی پربھاکر نامی بھارتی فوجی اہلکار کو لیہہ میں نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا جس کے بعد اسے فوری آرمی ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہوگیا۔
مقبوضہ کشمیر