شمالی وزیرستان میں بمباری‘ مزید 50 سے زائد دہشت گرد ہلاک‘ انفراسٹرکچر‘ اسلحہ ڈپو تباہ
راولپنڈی+ شمالی وزیرستان + خیبر ایجنسی + نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی بمباری میں مزید 50 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا انفرا سٹرکچر اور اسلحہ کا ڈپو تباہ کردیا گیا۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی خفیہ معلومات پر کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کا انفرا سٹرکچر اور بارود کا ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا۔ کارروائی شوال اور غرلمائی میں کی گئی اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے دوران دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔ رائٹرز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں کی بمباری سے 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی میں کارروائی میں دو خودکش حملہ آور بھی ہلاک ہوئے۔کارروائی پاک افغان سرحد کے علاقے راجگال میں کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کے ذریعے پیر کو خیبر ایجنسی کے علاقہ راجگال میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔ اس حوالے سے ملنے والی تفصیلات میں معلوم ہوا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔ ادھر نوشہرہ میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار خودکش حملہ آور کی نشاندہی پر 23 دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔گروپ کے 7 دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔ دہشت گرد حکیم آباد پولیس ٹریننگ سنٹر اور پشاور کراچی ٹرین کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ خودکش حملہ آور محمد خالد عرف عمر کو تین ہفتے قبل گرفتار کیا گیا۔ علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے سانحہ اٹک کے حوالے سے نوشہرہ کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرکے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گردوں کو پیر سباق، رضا خیل اور پبی سے گرفتار کیا گیا۔