خیبر پی کے : سہ فریقی اتحاد کا اجلاس، پرویز خٹک کے استعفے تک تحریک جاری رکھنے کا اعلان
پشاور (این این آئی) خیبر پی کے سہ فریقی اتحاد نے کہا ہے کہ ہم احتساب کے مخالف نہیں تاہم امتیازی احتساب کے مخالفت کرتے ہیں۔حکومت جان بوجھ کر الیکشن کے نتائج کے اجراء میں تاخیر کررہی ہے۔عوامی نیشنل پارٹی ،پیپلزپارٹی اورجے یوآئی پر مشتمل سہ فریقی اتحاد کااجلاس پشاورمیں منعقد ہوا ،اجلاس میں اتحاد کے صدر میاں افتخارحسین،جے یوآئی کے مولانا شجاع الملک اورپیپلزپارٹی کے نجم الدین سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد سہ فریقی اتحادکے صدرمیاں افتخارحسین نے میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پی کے، کے وزیراعلی اور وزراء بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے ذمے دار ہیں۔ سہ فریقی اتحاد میں ضلعی سطح پرکمزوریاں ہیں جنہیںجلد حل کر لیا جائے گا۔سہ فریقی اتحاد نے پرویز خٹک کے مستعفی ہونے تک تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخار کودی جانیوالی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری طورپر تحفظ فراہم کرنے کامطالبہ کیا۔ سہ فریقی اتحاد نے پنجاب کے وزیرداخلہ کرنل(ر)شجاع خانزادہ پر ہونے والے حملے کی بھی مذمت کی۔