ضیاء الحق کی 27ویں برسی، فیصل مسجد کے احاطے میں دعائیہ تقریب اعجازالحق و دیگر کا خطاب
اسلام آباد (آن لائن + آئی این پی) سابق سربراہ افواج پاکستان ضیاء الحق کی 27ویں برسی کی دعائیہ تقریب فیصل مسجد کے لان میں منعقد کی گئی، تقریب میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ضیائ) کے صدر اعجاز الحق نے کہا بلوچستان میں غیر ملکی ایجنسیوں کے دفاتر موجود ہیں، مدارس میں چھاپوں سے ایک شخص بھی پکڑا نہیں گیا، ضیاء الحق نے افغانستان اور پاکستان کی آزادی کیلئے جنگ لڑی، موجودہ حکمرانوں کا احتساب عوام کو کرنا ہوگا ملک کو چور اور لٹیرے برباد کر رہے ہیں قرضے معاف کرانے والے قرض واپس کر دیں تو ہمیں غیر ملکی امداد کی ضرورت پیش نہیں آئے گی حکومت کو پیغام ہے قومی احتساب بیورو کو حکومت اور اپوزیشن سے الگ کیا جائے۔ حمید گل اور شجاع خانزادہ عظیم لوگ تھے انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا ضیاء الحق نے افغانستان اور پاکستان کی آزادی کی جنگ لڑی، ورنہ آج پاکستان میں بھی روسیوں نے پہنچا ہونا تھا، جو لوگ آج کہتے ہیں جنرل ضیاء الحق نے جہاد کو سپورٹ کیا جس کی وجہ ملک میں دہشت گردی بڑھی، ان کو بتانا چاہتا ہوں پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں سندھ کے اندر چار لاکھ کلاشنکوف کے لائسنس تقسیم کئے جو چڑیاں مارنے کیلئے نہیں بلکہ بندے مارنے کیلئے تقسیم کئے جس کی وجہ سے وہاں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری بڑھی۔ کراچی آپریشن کی وجہ سے ایم کیو ایم کی دم پر پائوں آیا تو استعفے دے کر پارلیمنٹ سے باہر چلے گئے۔ آصف علی زرداری جرنیلوں کا احتساب کرنے کی بجائے پہلے اپنا احتساب کروائیں۔ پاک فوج کی قربانیوں ہی کی وجہ سے بہت عرصے بعد ملک میں عید اور جشن آزادی جوش و خروش سے منائی گئی، اس کا کریڈٹ جنرل راحیل کو جاتا ہے۔ جماعۃ الدعوۃ کے رہنما امیر حمزہ، انوارالحق، ایم پی اے نعیم انور، غلام مرتضیٰ نے بھی خطاب کیا۔