کابل سے جرمن این جی او کی خاتون امدادی ورکر کو اغوا کر لیا گیا
کابل ( اے ایف پی ) مسلح افراد نے دن دیہاڑے کابل سے جرمن خاتون ایڈورکر کو اغوا کر لیا ہے ۔ فوری طور پر کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے ورکرز کو شورش زدہ ملک میں کتنے خطرات کا سامنا ہے ۔ پولیس کے ترجمان عباد اللہ نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا واقعہ اس مقام پر پیش آیا جہاں غیر ملکی امدادی این جی اوز کے دفاتر ہیں ۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے فوٹو گرافر نے بتایا میں نے امدادی تنظیم جی آئی زیڈ کے دفتر کے سامنے نسواری رنگ کا ہائی لکس ٹرک دیکھا جس کی عقبی سکرین ٹوٹی ہوئی تھی ۔ جرمن وزارت خارجہ نے تبصرے سے انکار کر دیا ۔ این جی او کے عہدیدار بھی خاموش ہیں ۔